اسلام آباد (حسبان میڈیا رپورٹ)
وفاقی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ 160 ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکج پر عملی درآمد کا آغاز کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 10 ارب روپے کے فنڈز خیبرپختونخوا حکومت کو جاری کر دیے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق اس میگا پیکج کے تحت صوبے بھر میں بنیادی ڈھانچے، امن و امان، تعلیم، صحت اور زراعت کے سیکڑوں منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
دستاویزات میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق مجموعی پیکج میں سے خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کی ترقی کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ ان 12 مخصوص اضلاع میں کل 430 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جن میں 7 خصوصی منصوبوں کے لیے 19 ارب 27 کروڑ روپے اور 423 دیگر منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ عوامی ریلیف کی فوری فراہمی کے لیے ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ قلیل المدتی ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام عمل میں لایا جائے گا۔
امن و امان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مضبوطی
ترقیاتی پیکج میں صوبے کے سیکیورٹی حالات کو مستحکم کرنے کو کلیدی اہمیت دی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق امن و امان کے قیام سے متعلق 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی، جس کے تحت خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے اور انہیں جدید سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی اقدامات
سماجی شعبے کی بہتری کے لیے مختص فنڈز کے تحت مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس مد میں باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 جدید 'دانش اسکولز' قائم کیے جائیں گے، جبکہ 70 اسکولوں کی مرمت و اپ گریڈیشن اور 409 تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی (سولر) پر منتقل کیا جائے گا۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں بھی 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
مواصلات، آبپاشی اور زرعی ترقی
بنیادی ڈھانچے اور مواصلات کی بہتری کے لیے مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 32 منصوبوں پر 12 ارب 70 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، جن میں تزویراتی اہمیت کے حامل 'ٹل پاراچنار روڈ' اور 'گومل زام ڈیم' کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ مزید برآں، شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 88 مقامات پر واٹر سپلائی اسکیموں کو سولرائز کیا جائے گا۔ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے صوبے کے 100 ہونہار طلبہ کو اعلیٰ زرعی تعلیم کے حصول کے لیے چین میں اسکالرشپس فراہم کرنے کا منصوبہ بھی اس پیکج کا حصہ ہے۔