پشاور (حسبان میڈیا رپورٹ)
پشاور کے مختلف علاقوں میں شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ کی خلاف ورزی پر پولیس نے بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دولہوں سمیت درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی رہائی کے لیے رشتہ داروں نے متعلقہ تھانوں میں پڑاؤ ڈال دیا جبکہ سیاسی و دیگر اثر و رسوخ بھی استعمال کیا گیا، تاہم پولیس نے قانون کی بالادستی برقرار رکھتے ہوئے ملزمان کو حوالات منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی آگاہی مہم اور مسلسل کریک ڈاؤن کے باوجود پشاور کے مضافاتی و شہری علاقوں میں شادی کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ کے واقعات بدستور رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں چمکنی، بڈھ بیر، ارمڑ اور انقلاب پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث 5 دولہوں سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں مسلم، ثناء اللہ، نظام، جمشید علی، حضرت نبی، حسن خان، کاشف، نعیم خان، محمد حسین، بصیر خان، محمد حمزہ اور عبید شامل ہیں۔
اسی طرح داؤدزئی، رحمان بابا اور ریگی پولیس نے بھی مؤثر کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے دولہوں سمیت مزید 9 ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات کی سیر کرا دی۔ ان کارروائیوں میں گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت باسط، رشید، طارق، محمد امین، فضل آمین، آفتاب، نیاز محمد، رحمان علی اور بلال کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی و نمایشی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں باقاعدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ دوسری جانب دولہوں اور دیگر ملزمان کو چھڑانے کے لیے ان کے اہلِ خانہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد متعلقہ تھانوں پہنچ گئی، تاہم پولیس انتظامیہ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ جیسے جان لیوا جرم پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور دولہوں سمیت تمام ملوث افراد کو قانون کے مطابق رات حوالات میں گزارنی پڑے گی۔