پشاور ( حسبان میڈیا): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے بانی چیئرمین کے حالیہ خط کو "این آر او" قرار دینے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کے باہمی اختلافات اور میڈیا پر بیان بازی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
پشاور سے جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ کو خط لکھ کر درحقیقت حکومت کے منہ پر طمانچہ مارا ہے، تاہم اس خط کو این آر او سے تعبیر کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دورانِ قید علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی ہر قیدی کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔
پارٹی کی داخلی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین اس وقت مشکل حالات سے گزر رہے ہیں، لیکن ایسے وقت میں پارٹی رہنماؤں کا آپس میں عہدوں کے لیے لڑنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کریں اور پارٹی رہنماؤں کو میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کرنے سے روکیں۔
ملکی سیاسی نظام اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا جواز خود سیاسی حکومتوں کی ناقص کارکردگی نے فراہم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کسی بھی صوبے میں بروقت اور تواتر کے ساتھ بلدیاتی انتخابات منعقد نہیں کرائے گئے، جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات ہمیشہ آمروں (ڈکٹیٹرز) نے کرائے یا پھر عدالتی احکامات کے نتیجے میں ممکن ہوئے۔