شبقدر (نمائندہ حسبان میڈیا): خیبر پختونخوا کے علاقے شبقدر میں گیس لیکیج کے ایک دلخراش واقعے میں شادی کے محض چار روز بعد نوبیاہتا دلہا اور دلہن کمرے میں دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے، جس سے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق، یہ افسوسناک سانحہ شبقدر کے موضع ترخہ حاجی زئی میں پیش آیا۔ مقامی ذرائع اور خاندانی اطلاعات کے مطابق 25 سالہ محسن ولد ظفر علی کی شادی گزشتہ اتوار کے روز 20 سالہ مسماۃ (ن) کے ساتھ نہایت دھوم دھام سے انجام پائی تھی۔
منگل کی شب نوبیاہتا جوڑا اپنے کمرے میں سویا ہوا تھا کہ رات کے کسی پہر گیس لیکیج کے باعث کمرے میں زہریلی گیس بھر گئی۔ نیند کی حالت میں ہونے کے سبب دونوں میاں بیوی بروقت سنبھل نہ سکے اور دم گھٹنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
بدھ کی صبح جب کافی دیر تک کمرے کا دروازہ نہ کھلا تو اہلِ خانہ نے تشویش کے عالم میں اندر جا کر دیکھا جہاں دونوں کی لاشیں پڑی تھیں۔ اس اندوہناک منظر کو دیکھ کر گھر میں کہرام مچ گیا اور شادی کی خوشیاں لمحوں میں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد تعزیت کے لیے متاثرہ خاندان کے گھر جمع ہو گئی۔