اسلام آباد (بیورو رپورٹ / حسبان میڈیا): آڈٹ رپورٹ میں وفاقی حکومت کے مالی معاملات میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے مطابق 3 ہزار 177 ارب 68 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹس پارلیمنٹ سے منظور کروائے بغیر جاری کی گئیں۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے مجموعی ضمنی گرانٹس کا 92 فیصد حصہ پارلیمنٹ کی باقاعدہ منظوری کے بغیر ہی جاری کر دیا۔ مزید برآں، مالی سال 25-2024ء کے دوران منظور شدہ حتمی بجٹ سے ایک ہزار 990 ارب روپے کے زائد اخراجات بھی کیے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ مالی سال میں وفاقی حکومت کے مجموعی اخراجات 41 ہزار 335 ارب روپے رہے، جبکہ حتمی بجٹ میں 39 ہزار 345 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔
دستاویزات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ حکومت نے 9 مطالبات کے تحت 187 ارب 68 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات کسی ضمنی گرانٹ کے بغیر ہی کر ڈالے۔ آڈٹ حکام نے نشاندہی کی ہے کہ قرضوں کی اصل رقم کی ادائیگی کے لیے ضروریات کا مناسب جائزہ لیے بغیر ایک ہزار 833 ارب روپے کی اضافی گرانٹ جاری کی گئی، جبکہ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے 3 ہزار 809 ارب روپے کے غیر ضروری بجٹ مطالبات پیش کیے گئے۔
رپورٹ میں فنڈز کے ناقص استعمال پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے، جس کے مطابق 115 کاسٹ سینٹرز میں فنڈز بروقت استعمال نہ ہونے کے باعث 87 ارب 33 کروڑ روپے لیپس (ضائع) ہو گئے، جبکہ جاری کردہ ضمنی گرانٹس میں سے بھی 41 ارب 68 کروڑ روپے خرچ نہ کیے جا سکے۔
قرضوں کے بوجھ کے حوالے سے آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 25-2024ء کے دوران وفاقی حکومت کے مجموعی اخراجات کا 84.31 فیصد حصہ محض قرضوں کے سود اور اصل رقم کی ادائیگی پر خرچ ہوا، جس کی مد میں مجموعی طور پر 34 ہزار 851 ارب روپے کی خطیر رقم ادا کی گئی۔