اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک): بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اپنی تشویشناک طبی صورتحال اور عدالتی احکامات پر عدم عمل درآمد کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام ایک اہم خط ارسال کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا یہ تحریری خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے چیف جسٹس کو باقاعدہ طور پر پہنچا دیا گیا ہے۔
خط کے متن میں عمران خان نے اپنی گرتی ہوئی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ معالجین نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد یعنی 193 تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے جیسے سنگین طبی خطرات لاحق ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے اعلیٰ عدلیہ کے سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے خط میں مزید استدعا کی ہے کہ براہِ کرم ان کے مقدمات اور حقوق سے متعلق جاری ہونے والے عدالتی فیصلوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے جذباتی اور دوٹوک الفاظ میں لکھا کہ اگر وہ زندہ رہیں گے تب ہی عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کر سکیں گے۔