اسلام آباد (حسبان میڈیا ڈیسک): خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے گورنر خیبر پختونخوا کو مزید انتظامی و آئینی اختیارات تفویض کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ معتبر حکومتی ذرائع کے مطابق اس اہم پیش رفت کے تحت وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال (ایمرجنسی) میں گورنر کے اختیارات میں اضافے سے متعلق مجوزہ آرڈیننس کی سمری صدرِ مملکت کو ارسال کر دی ہے، جسے صدر وزیراعظم کی ایڈوائس پر جلد باقاعدہ طور پر جاری کریں گے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نئے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد گورنر خیبر پختونخوا کو ایمرجنسی کے دوران صوبے میں وسیع اختیارات حاصل ہو جائیں گے، جبکہ خاص طور پر صوبے کے 12 خصوصی اضلاع کے انتظامی و سیکیورٹی معاملات سے متعلق بھی گورنر کے اختیارات کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا۔
دوسری جانب پارلیمانی و حکومتی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ری شیڈول کیے جانے کے پیچھے بھی یہی مجوزہ آرڈیننس کارفرما ہے۔ آئینی تقاضوں کے مطابق اگر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا جائے تو صدارتی آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا، اسی آئینی رکاوٹ سے بچنے اور آرڈیننس کے فوری نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔