حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 500 سے زائد مشکوک پیدائشی سرٹیفکیٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ۔ Home / پاکستان /

خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 500 سے زائد مشکوک پیدائشی سرٹیفکیٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ۔

ایڈیٹر - 16/11/2026
خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 500 سے زائد مشکوک پیدائشی سرٹیفکیٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ۔

پشاور (حسبان میڈیا ڈیسک): صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں 3 ہزار 500 سے زائد مشکوک پیدائشی سرٹیفکیٹس (برتھ سرٹیفکیٹس) کو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ اس معاملے کی چھان بین کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے متعدد سرکاری سیکرٹریز سے ریکارڈ طلب اور کئی ذمہ داران کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سابقہ ادوار میں سیاسی بنیادوں اور سابق بلدیاتی نمائندوں کی سفارشات پر جاری ہونے والے پیدائشی سرٹیفکیٹس کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں۔ انکوائری رپورٹ میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ضابطے کی کارروائی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مہاجرین کے بچوں کو بھی مقامی پیدائشی سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے تھے۔

اس سنگین بے ضابطگی پر کارروائی کرتے ہوئے پشاور کی مختلف یونین کونسلوں اور ویلج کونسلوں کے سیکرٹریز کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ بعض سیکرٹریز کے خلاف محکمانہ تحقیقات جاری ہیں اور انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے سابقہ ادوار میں منتخب ہونے والے بعض سابق کونسلرز اور ناظمین کی شہریت و دستاویزات کو بھی مشکوک قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت متعدد سابق کونسلرز کے فیملی کارڈز بلاک کر دیے گئے ہیں جبکہ مختلف بلدیاتی نمائندوں کو نادرا کی جانب سے باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔