لاہور (حسبان میڈیا ڈیسک): امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ جماعتِ اسلامی ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالف نہیں ہے، تاہم اس حوالے سے تمام اقدامات آئینِ پاکستان میں درج واضح طریقہ کار کے عین مطابق اٹھائے جانے چاہئیں۔
مرکزِ جماعتِ اسلامی منصورہ لاہور میں صوبہ پنجاب بھر کے ضلعی اور زونل نظم کے بڑے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے ملکی انتظامی و معاشی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکسوں کے معاملے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور پٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے کے لیے حکومت کو حتمی مسودہ پیش کر دیا گیا ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے خبردار کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اس معاملے پر حکمرانوں کی جانب سے اب کسی قسم کی ٹال مٹول یا چکر بازی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جماعتِ اسلامی اس عوامی مسئلے کا پوری طرح تعاقب کرے گی اور حکومت کو معاہدے اور مطالبات پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے گا۔