لاہور (حسبان میڈیا ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دفاعِ حرمین شریفین پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے پوری پاکستانی قوم یکجا اور متحد ہے۔ لاہور میں منعقدہ "تحفظِ حرمین شریفین و استحکامِ پاکستان کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا استحکام اور حرمین شریفین کا تحفظ ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان کی سفارتی کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور آج پاکستان کو عالمی برادری میں امن کے داعی ملک کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے، جس کے باعث ملک کو دنیا بھر میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکہ معاہدہ دراصل حرمین شریفین اور پاکستان کے مشترکہ دفاع کی ایک مضبوط علامت ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے دنیا کے سامنے پاکستان کا پُرامن چہرہ روشناس کرایا ہے اور عالمی برادری نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں قیامِ امن کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارتی محاذ پر پاکستان کی امن کوششیں دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہیں، تاہم حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پوری قوم کو مزید متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ عبدالکریم نے اپنے خطاب میں دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور سعودی عرب ہماری ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدے کی پاسداری اور ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے لیے پاکستان کا مصالحانہ اور سفارتی کردار انتہائی قابلِ تحسین ہے۔