حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں بااثر مافیا کے خلاف خفیہ آپریشن کی تیاری، بیرونِ ملک فرار کے راستے بند کرنے کا فیصلہ Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا میں بااثر مافیا کے خلاف خفیہ آپریشن کی تیاری، بیرونِ ملک فرار کے راستے بند کرنے کا فیصلہ

- 13/11/2026
خیبرپختونخوا میں بااثر مافیا کے خلاف خفیہ آپریشن کی تیاری، بیرونِ ملک فرار کے راستے بند کرنے کا فیصلہ

پشاور (حسبان میڈیا ڈیسک): خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں سونے کی غیرقانونی کان کنی (گولڈ مائننگ) میں ملوث بااثر مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن اور بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ مجوزہ حکمتِ عملی کے تحت اس غیرقانونی دھندے میں ملوث عناصر کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے سمیت ان کے بیرونِ ملک سفر پر مکمل پابندی عائد کرنے کی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔

باخبر سرکاری ذرائع کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں غیرقانونی کان کنی کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کے سونے کے ذخائر نکالنے والے منظم نیٹ ورکس کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جن میں سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے بعض بااثر افراد بھی شامل ہیں۔ اعلیٰ حکام نے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اس نیٹ ورک میں شامل تمام سہولت کاروں اور مالی یا انتظامی معاونت فراہم کرنے والے افراد کی نشاندہی کا عمل فوری طور پر تیز کریں۔ مزید برآں، ملوث ملزمان کو ملک سے فرار ہونے سے روکنے کے لیے ان کے سفری دستاویزات منسوخ کرنے کی سفارشات بھی متعلقہ حکام کو بھجوائی جا رہی ہیں۔

حساس نوعیت کے اس معاملے کے پیشِ نظر حکام نے آپریشن کی تمام تر منصوبہ بندی کو انتہائی خفیہ رکھنے کی سخت ہدایت کی ہے تاکہ ملزمان کو پیشگی اطلاع نہ مل سکے اور کارروائی کرنے والی ٹیموں کو کسی ممکنہ مزاحمت یا حملے کے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس بڑے آپریشن کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سیکیورٹی فورسز کی معاونت حاصل کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے بھی باضابطہ رابطہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد صوبے میں غیرقانونی مائننگ کا مکمل خاتمہ اور قیمتی معدنی وسائل کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔