حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ریسکیو 1122 باجوڑ نے اکتوبر میں 446 ایمرجنسیز پر بروقت کارروائی کی، 23 ہزار سے زائد غیر ضروری کالز پر تشویش کا اظہار Home / باجوڑ /

ریسکیو 1122 باجوڑ نے اکتوبر میں 446 ایمرجنسیز پر بروقت کارروائی کی، 23 ہزار سے زائد غیر ضروری کالز پر تشویش کا اظہار

ایڈیٹر - 01/11/2026
ریسکیو 1122 باجوڑ نے اکتوبر میں 446 ایمرجنسیز پر بروقت کارروائی کی، 23 ہزار سے زائد غیر ضروری کالز پر تشویش کا اظہار

ریسکیو 1122 باجوڑ نے اکتوبر میں 446 ایمرجنسیز پر بروقت کارروائی کی، 23 ہزار سے زائد غیر ضروری کالز پر تشویش کا اظہار

باجوڑ (خصوصی رپورٹ، حسبان میڈیا):
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا ڈاکٹر خطیر احمد خان اور ریجنل ڈائریکٹر سینٹرل مردان ڈویژن محمد عمران خان یوسفزئی کی ہدایات کی روشنی میں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے ریسکیو 1122 باجوڑ کی ماہ اکتوبر 2026 کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ماہ کے دوران ریسکیو ٹیموں نے ضلع بھر میں مجموعی طور پر 446 مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز پر بروقتاً کارروائی عمل میں لاتے ہوئے عوام کو پیشہ ورانہ طبی و امدادی خدمات فراہم کیں۔ اس دوران کنٹرول روم کو مجموعی طور پر 25,779 کالز موصول ہوئیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 باجوڑ، ریاض خان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ضلع بھر میں رپورٹ ہونے والے 446 حادثات میں 274 میڈیکل ہنگامی حالات، 116 ریفرل ایمرجنسیز، 28 روڈ ٹریفک حادثات، 14 ریکوری آپریشنز، 8 گولی لگنے کے واقعات، 3 آتشزدگی، 2 عمارت گرنے اور 1 ڈوبنے کا واقعہ شامل ہے۔ ان تمام حادثات کے دوران مجموعی طور پر 447 زخمیوں اور مریضوں کو ریسکیو کیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے متعدد مریضوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ شدید زخمیوں اور بیماروں کو ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

پیشنٹ ریفرل سروسز کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے بتایا کہ تشویشناک مریضوں کی محفوظ منتقلی کامیابی سے جاری رہی۔ اکتوبر میں مجموعی طور پر 121 مریضوں کو ریفر کیا گیا، جن میں سے 44 مریضوں کو ضلع باجوڑ کے اندر ہی تحصیل ہسپتالوں سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا گیا، جبکہ 77 انتہائی تشویشناک مریضوں کو قیمتی جانیں بچانے کے لیے پشاور کے بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

رپورٹ کے سب سے تشویشناک پہلو کا ذکر کرتے ہوئے امجد خان نے بتایا کہ موصول ہونے والی 25,779 کالز میں سے صرف 330 ایمرجنسیز اور 2,074 معلوماتی کالز تھیں، جبکہ 23,375 کالز غیر ضروری اور فرضی تھیں۔ انہوں نے فرضی کالز کی اس کثیر تعداد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ ریسکیو 1122 کا نمبر صرف ہنگامی صورتحال میں ملائیں۔ فرضی کالز کی وجہ سے لائنز مصروف ہو جاتی ہیں، جو کسی حقیقی ضرورت مند کی جان کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔