خیبر پختونخوا میں خستہ حال اسکولوں کے طلبہ کی فوری منتقلی کا فیصلہ، ضلعی تعلیمی افسران کو ہنگامی احکامات جاری
پشاور (نیوزر پورٹر، حسبان میڈیا):
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اور ہنگامی فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے مواصلات و تعمیرات کے تکنیکی ماہرین کی جانب سے خستہ حال اور خطرناک قرار دی جانے والی اسکولوں کی عمارتوں سے طلبہ کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا باقاعدہ حکم جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبے کے تمام ضلعی تعلیمی افسران (DEOs) کو ایک باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق، ضلعی تعلیمی افسران کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر محفوظ عمارتوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو فوری طور پر محفوظ کلاس رومز میں منتقل کریں۔ طلبہ کو اسی اسکول کی کسی دوسری محفوظ عمارتی حصے یا قریبی سرکاری اسکول میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم نے طلبہ کے تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے واضح کیا ہے کہ اگر قریبی کوئی سرکاری اسکول یا متبادل سرکاری جگہ دستیاب نہ ہو، تو طلبہ کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے نجی عمارتیں کرایے پر حاصل کی جائیں۔
محکمہ تعلیم نے اپنے اعلامیے میں مزید وضاحت کی ہے کہ خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کے صرف ان غیر محفوظ حصوں اور کمروں کو خالی کروا کر سیل کیا جائے گا جو مخدوش ہیں، جبکہ پوری عمارت کو فوری طور پر خالی کرانا ضروری نہیں ہوگا۔ یہ فیصلہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تکنیکی ماہرین کی نشاندہی پر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچا جا سکے۔ محکمہ نے ضلعی انتظامیہ اور تعلیمی افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ طلبہ کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ان کے تعلیمی حرج کو روکنے کے لیے فوری طور پر متبادل انتظامات مکمل کریں۔