حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): کرغزستان میں چھٹی عالمی نومیڈ گیمز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، افتتاحی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
عالمی نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب کرغزستان میں منعقد ہوئی، جہاں کرغزستان کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے دیگر ممالک کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران پاکستانی دستے کی آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے کھڑے ہوکر کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی دستے کا پُرجوش انداز میں خیرمقدم کیا۔
عالمی نومیڈ گیمز روایتی اور ثقافتی کھیلوں پر مشتمل ایک بین الاقوامی مقابلہ ہے، جس میں وسطی ایشیا سمیت مختلف ممالک کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
رواں سال کے مقابلوں میں پاکستان بھی شریک ہے اور پاکستانی کھلاڑی مختلف روایتی کھیلوں میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔ عالمی سطح کے اس ایونٹ میں پاکستانی دستے کی شرکت سے نہ صرف قومی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا بلکہ پاکستان کے روایتی کھیلوں اور ثقافتی ورثے کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔