حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز میں بڑا بحری حادثہ، آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز میں بڑا بحری حادثہ، آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا

ایڈیٹر - 31/08/2026
آبنائے ہرمز میں بڑا بحری حادثہ، آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد شدید متاثر ہو کر آگ کی لپیٹ میں آگیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئل ٹینکر آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران 2 سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گیا۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ٹکر کے نتیجے میں جہاز کی نقل و حرکت رک گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکام نے بتایا کہ حادثے کے باوجود کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، جبکہ ٹینکر کو پہنچنے والے نقصان کی نوعیت اور شدت سے متعلق بھی فوری طور پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر بحری جہازوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایرانی حکام کی جانب سے مقرر کردہ طریقہ کار اور مخصوص راستوں کی پابندی کریں تاکہ کسی مزید حادثے سے بچا جا سکے۔

آبنائے ہرمز خلیج فارس کو بحیرہ عمان سے ملانے والا دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتا ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا ایک بڑا حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے، جس کے باعث یہاں کسی بھی بحری حادثے یا فوجی کشیدگی کے اثرات عالمی توانائی کی منڈی اور سمندری تجارت پر مرتب ہوسکتے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ اس سے قبل پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی ڈرون کو نشانہ بنا کر گرایا، جو بعد ازاں خلیج کے پانیوں میں جاگرا۔

دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق اتوار کے روز امریکی فورسز نے ایران کے جزیرے لارک پر موجود 2 میزائل لانچروں کو نشانہ بنایا۔ امریکی عہدیدار نے امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کو بتایا کہ جولائی کے آخر کے بعد ایرانی سرزمین پر امریکا کی جانب سے کیا جانے والا یہ پہلا حملہ تھا۔

تازہ واقعے کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت، سمندری سلامتی اور خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر عالمی تشویش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ تاہم بارودی سرنگوں کی موجودگی، ان کے ماخذ اور ٹینکر کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔