ویب ڈیسک: کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کی خاتون باکسر فاطمہ زاہرہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی 60 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں فاطمہ زاہرہ کا مقابلہ لیسوتھو کی باکسر ریئل ایبوہا سے تھا، جہاں پاکستانی باکسر نے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور حریف پر مکمل برتری برقرار رکھی۔
فاطمہ زاہرہ کی یکطرفہ برتری کو دیکھتے ہوئے ریفری نے مقابلہ مقررہ وقت سے پہلے ہی روک دیا اور انہیں تکنیکی ناک آؤٹ (ٹی کے او) کے ذریعے فاتح قرار دے دیا۔
اس شاندار کامیابی کے بعد فاطمہ زاہرہ نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں ان کا اگلا مقابلہ نیوزی لینڈ کی باکسر جارڈن ولسن سے ہوگا۔
پاکستانی باکسر کی اس متاثرکن فتح کو قومی دستے کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ شائقین کی نظریں اب کوارٹر فائنل میں ان کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔