حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اقوامِ متحدہ کا آبنائے ہرمز میں پھنسے 500 بحری جہازوں اور 6 ہزار جہاز رانوں کو نکالنے کا مطالبہ۔ Home / بین الاقوامی /

اقوامِ متحدہ کا آبنائے ہرمز میں پھنسے 500 بحری جہازوں اور 6 ہزار جہاز رانوں کو نکالنے کا مطالبہ۔

ایڈیٹر - 26/07/2026
اقوامِ متحدہ کا آبنائے ہرمز میں پھنسے 500 بحری جہازوں اور 6 ہزار جہاز رانوں کو نکالنے کا مطالبہ۔

نیویارک / مسقط : اقوامِ متحدہ نے خلیج کے علاقے اور آبنائے ہرمز میں جاری علاقائی کشیدگی اور بحری محاصرے کے نتیجے میں پھنسے ہوئے تقریباً 500 بحری جہازوں اور 6 ہزار سے زائد جہاز رانوں (سیلرز) کو فوری طور پر وہاں سے نکالنے کا زوردار مطالبہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آبنائے ہرمز میں سیکیورٹی خطرات بڑھنے کی وجہ سے تجارتی بحری جہاز رانی تقریباً مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی ہے، جس نے عالمی تجارتی منڈیوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔

بین الاقوامی بحری تنظیم (IMO) کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز نے آبنائے کے پیچھے خلیج میں کھڑے سیکڑوں تجارتی جہازوں اور ان پر موجود عملے کی حفاظت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری تجارتی نقل و حمل مکمل طور پر رک چکی ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عالمی ادارے نے مطالبہ کیا ہے کہ محفوظ گزرگاہ پر فیس عائد کرنا بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے، اور جہاز رانوں کو جنگی حالات سے نمٹنے کی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں ہوتی، اس لیے انہیں فوری محفوظ راستہ فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب، سمندری آمدورفت کو بحال کرنے اور بحران کے حل کے لیے سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ عمان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد تہران پہنچ چکا ہے جہاں وہ ایرانی حکام سے مذاکرات کر رہا ہے، جبکہ قطر نے امریکہ اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے دوحہ میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات میں بھی فریقین پر مذاکرات آگے بڑھانے اور تناؤ کم کرنے پر زور دیا ہے۔