کیلیفورنیا : دنیا بھر میں پیغام رسانی اور سماجی رابطوں کے لیے استعمال ہونے والی مقبول ترین ایپ فیس بک نے صارفین کے تحفظ اور ان کی توجہ مبذول کروانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ فیس بک انتظامیہ نے صارفین کی اصل شناخت کی تصدیق کے لیے ’فیس بک ویریفائیڈ‘ نامی نیا اور منفرد فیچر متعارف کرانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس نئے فیچر کے تحت صارفین اب محض ایک مختصر ویڈیو سیلفی کی مدد سے اپنی شناخت کی تصدیق کروا سکیں گے، اور اس سہولت کے لیے کمپنی کی جانب سے کسی قسم کی سبسکرپشن فیس یا ماہانہ معاوضہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
کمپنی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ سہولت مرحلہ وار دنیا کے مختلف ممالک میں متعارف کرائی جا رہی ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ "ہم 'فیس بک ویریفائیڈ' متعارف کرا رہے ہیں، جو کہ ایک بالکل مفت بیج (Badge) ہے۔ یہ ایک آسان سیلفی پر مبنی تصدیقی عمل کے ذریعے یہ ثابت کرے گا کہ کسی بھی پروفائل کے پیچھے واقعی ایک حقیقی شخص موجود ہے۔" یہ ویریفائیڈ بیج فیس بک پر ان تمام اہم مقامات اور کمنٹس سیکشنز میں نظر آئے گا جہاں صارفین کے لیے شناخت کی تصدیق اور ساکھ سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
فیس بک نے مزید وضاحت کی ہے کہ دنیا بھر میں اربوں افراد حقیقی روابط قائم کرنے کے لیے اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہیں، تاہم موجودہ دور میں مصنوعی ذہانت (AI) کے پھیلاؤ کے باعث جعلی مواد، فیک پروفائلز اور گمراہ کن پیغامات بنانا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو چکا ہے۔ اسی خطرے کے پیشِ نظر صارفین کو ایک قابلِ اعتماد ذریعہ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ جان سکیں کہ دوسری جانب موجود شخص حقیقی ہے۔ کمپنی کے مطابق، تصدیق کا طریقہ کار نہایت آسان ہوگا جس میں صارف کی ویڈیو سیلفی کو اس کی پروفائل تصاویر سے ملا کر چند ہی منٹوں میں خودکار نظام کے تحت مفت تصدیق کر دی جائے گی۔ واضح رہے کہ یہ فیچر صرف ان اہل صارفین کے لیے دستیاب ہوگا جن کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے۔