حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سوات کے نوجوان عباد اللہ کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر مجرم سردار ولی کو سزائے موت کا حکم Home / پاکستان /

سوات کے نوجوان عباد اللہ کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر مجرم سردار ولی کو سزائے موت کا حکم

ایڈیٹر - 26/07/2026
سوات کے نوجوان عباد اللہ کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر مجرم سردار ولی کو سزائے موت کا حکم

مردان :  مردان کی مقامی عدالت نے نوجوان عباد اللہ کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر مرکزی ملزم کو سزائے موت سنا دی ہے، جبکہ اسی عدالت نے ایک اور قتل کے مقدمے میں تین سگے بھائیوں کو عمر قید کی سزا کا بھی حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زاہد کریم خلیل نے استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل اور شواہد کی روشنی میں مقدمے کا حتمی فیصلہ سناتے ہوئے مجرم سردار ولی کو سزائے موت کا حکم جاری کیا۔ استغاثہ کی جانب سے معروف قانون دان عارف رسول خان ایڈوکیٹ نے مقدمے کی پیروی کی۔

مقدمے کی تفصیلات کے مطابق، یہ لرزہ خیز واقعہ گزشتہ برس 8 مارچ 2024ء کو مردان کے علاقے ڈانگ بابا ہوتی میں پیش آیا تھا۔ ملزم سردار ولی ولد صنوبر نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے جواں سال لڑکے سید عباد اللہ کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کا بنیادی سبب یہ تھا کہ مقتول عباد اللہ نے ملزم کو اپنے محلے میں آنے اور وہاں سے گزرنے والی لڑکیوں کو ہراساں اور ہوٹنگ کرنے سے سختی سے منع کیا تھا۔ اس بات کا رنج رکھتے ہوئے ملزم نے فائرنگ کر کے نوجوان کی جان لے لی۔ عدالت نے ہفتے کے روز جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزائے موت سنا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے۔

دوسری جانب، اسی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج ظہور خان نے ایک اور قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تین حقیقی بھائیوں کو عمر قید کی سزا سنائی۔ استغاثہ کے وکیل عارف رسول خان کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے گوجرگڑھی میں رشتے کے تنازعے پر 23 سالہ منظور حسین کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر تین سگے بھائیوں طاہر، عماد اور وقاص پسران مصنف شاہ ساکنان افسر آباد گوجرگڑھی کو عمر قید کی سزا کا حکم سنایا۔