ویب ڈیسک: ضلع لوئر دیر کے علاقے فشنگ ہٹ چکدرہ میں منعقدہ گرینڈ جرگے میں لوئر دیر اور اپر دیر کے منتخب عوامی نمائندوں، وفاقی و صوبائی وزرا، مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ جرگے میں خطے میں دیرپا امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
جرگے کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ لوئر دیر اور اپر دیر میں امن و امان کا قیام تمام فریقین کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کو مؤثر اور مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔
شرکا نے وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں فوری اور مؤثر انداز میں پوری کی جائیں۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ اگر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو عوام اپنے مطالبات کے حق میں اسلام آباد اور پشاور کی جانب پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔
جرگے میں ادینزئی قومی جرگہ کی جانب سے 15 جولائی کو لڑم درہ اور حیدرے ٹاپ میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکا نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کے بعد کیے گئے سیکیورٹی آپریشن کی اعلیٰ سطح پر شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں تاکہ تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں۔
جرگے کے شرکا نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دیر میں امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام سیاسی، سماجی اور قبائلی قوتیں متحد ہو کر اپنا مؤثر کردار ادا کریں گی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔