پشاور : فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پشاور میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور امریکی یونیورسٹی کے نام پر معصوم پاکستانی طلباء سے لاکھوں روپے بٹورنے والے ایک بڑے گروہ کے مرکزی ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم پر تعلیمی ویزوں اور اسکالرشپس کی آڑ میں معصوم طلباء سے مجموعی طور پر 10,000 امریکی ڈالر ہتھانے کا سنگین الزام ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ملزم ایک تعلیمی کنسلٹنسی ایجنسی چلا رہا تھا اور اس کے ذریعے سادہ لوح طلباء کو دھوکہ دہی کا نشانہ بنا رہا تھا۔ ملزم نے متاثرہ طلباء کا اعتماد جیتنے کے لیے ایچ ای سی (HEC) کے نام پر تیار کی گئی جعلی دستاویزات اور لیٹرز فراہم کیے۔ ملزم نے متعدد طلباء اور درخواست گزاروں کو یونیورسٹی آف نیواڈا، رینو امریکہ میں داخلے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپ کا جھانسا دے کر فی کس 10 ہزار امریکی ڈالر ہتھیا لیے تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ویزا فراڈ اور جعل سازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کنسلٹنسی کے ریکارڈ کو قبضے میں لے کر یہ پتا لگایا جا رہا ہے کہ ملزم اب تک کتنے طلباء کو اپنے فراڈ کا نشانہ بنا چکا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔