حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان کا حوثی ملیشیا کو دوٹوک پیغام، سعودی عرب یا پاکستانی جہازوں کو نشانہ بنایا تو سخت جواب دیا جائے گا Home / /

پاکستان کا حوثی ملیشیا کو دوٹوک پیغام، سعودی عرب یا پاکستانی جہازوں کو نشانہ بنایا تو سخت جواب دیا جائے گا

ایڈیٹر - 22/07/2026
پاکستان کا حوثی ملیشیا کو دوٹوک پیغام، سعودی عرب یا پاکستانی جہازوں کو نشانہ بنایا تو سخت جواب دیا جائے گا

پاکستان نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرۂ احمر میں تجارتی بحری جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے انہیں علاقائی امن اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے یا انہیں دھمکیاں دینے جیسے اقدامات نہ صرف بین الاقوامی بحری راستوں کے تحفظ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عالمی تجارت، جہاز رانی کی آزادی اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کے بھی منافی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے ساتھ قانونی تجارتی سرگرمیوں میں مصروف بحری جہازوں کو ہراساں کرنا یا انہیں نشانہ بنانے کی دھمکیاں کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

پاکستان نے واضح کیا کہ اگر کسی پاکستانی بحری جہاز یا ملک کے سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اسے پاکستان کی قومی سلامتی اور خودمختار مفادات پر براہِ راست حملہ تصور کیا جائے گا۔

دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے بحری اثاثوں، تجارتی مفادات اور قومی سلامتی کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اور ضرورت پڑنے پر اپنے دفاع کے لیے ہر ضروری قانونی اقدام اٹھایا جا سکتا ہے۔

بیان میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کو تنازع کا حصہ بنانے کی کوششوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان نے اس موقع پر مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

دفترِ خارجہ نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، سفارت کاری اور مذاکرات کو ترجیح دیں، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں اور عالمی بحری راستوں پر تجارتی جہاز رانی کے تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔