حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پروٹیکٹر آفس کے ڈائریکٹر فرخ جمال رنگے ہاتھوں گرفتار، ایک کروڑ سات لاکھ روپے نقد برآمد Home / پاکستان /

پروٹیکٹر آفس کے ڈائریکٹر فرخ جمال رنگے ہاتھوں گرفتار، ایک کروڑ سات لاکھ روپے نقد برآمد

ایڈیٹر - 22/07/2026
 پروٹیکٹر آفس کے ڈائریکٹر فرخ جمال رنگے ہاتھوں گرفتار، ایک کروڑ سات لاکھ روپے نقد برآمد

وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) اینٹی کرپشن پشاور سرکل نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند شہریوں کو لوٹنے والے افسران اور ایجنٹ مافیا کے بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے رانا شاہد حبیب نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ ویزا پروٹیکٹر آفس پشاور کے ڈائریکٹر فرخ جمال کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی کارروائی میں ملزم کے قبضے سے 7 لاکھ روپے برآمد ہوئے، جبکہ دورانِ تفتیش ملزم کے گھر پر مارے گئے چھاپے میں مزید ایک کروڑ روپے کی بھاری نقدی برآمد کی گئی ہے۔

رانا شاہد حبیب نے میڈیا کو بتایا کہ یہ کرپٹ گروہ بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے معصوم شہریوں کا استحصال کر رہا تھا اور مختلف ممالک کے ویزوں پر پروٹیکٹر کی مہر لگانے کے لیے الگ الگ بھاری نرخ وصول کیے جاتے تھے۔ تحقیقات کے مطابق یہ مافیا روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 15 لاکھ روپے تک غیر قانونی طور پر کما رہا تھا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اس منظم نیٹ ورک کے تار وفاقی وزارت تک جڑے ہوئے ہیں اور دفتر کے دیگر ملازمین بھی اس جرم میں برابر کے حصہ دار ہیں۔ گرفتار ڈائریکٹر فرخ جمال گزشتہ چھ ماہ سے اس عہدے پر تعینات تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ ریمانڈ کے دوران گرفتار ڈائریکٹر کی نشاندہی پر سسٹم انچارج عمران کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر ملوث افسران اور ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید اہم گرفتاریوں کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی جانب سے سخت اور واضح ہدایات ہیں کہ کرپشن اور ایجنٹ مافیا میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور قانونی کارروائی کی جائے تاکہ بیرون ملک روزگار کے خواہشمند غریب شہریوں کا معاشی استحصال روک کر نظام کو مکمل طور پر شفاف بنایا جا سکے۔