ویب ڈیسک:پشاور کے علاقے تھانہ خزانہ کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر خاتون زخمی ہو گئی، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت شاہ ولی اور انوار کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فائرنگ کے دوران ایک خاتون، جو موقع سے گزر رہی تھیں، بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے دونوں مقتولین کی لاشیں قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ فائرنگ کے محرکات جاننے کے لیے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد حقائق سامنے لانے اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔