حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی آئی اے کا نیا روپ پاکستانی عوام تیار کریں گے؟ کینوا کی حیران کن پیشکش، بھاری انعام کا بھی اعلان Home / پاکستان /

پی آئی اے کا نیا روپ پاکستانی عوام تیار کریں گے؟ کینوا کی حیران کن پیشکش، بھاری انعام کا بھی اعلان

ایڈیٹر - 22/07/2026
پی آئی اے کا نیا روپ پاکستانی عوام تیار کریں گے؟ کینوا کی حیران کن پیشکش، بھاری انعام کا بھی اعلان

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں گرافکس اور ڈیزائننگ کے شعبے میں معروف کمپنی کینوا نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی برانڈ شناخت تبدیل کرنے کے لیے ایک منفرد تجویز پیش کر دی ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اگر اس منصوبے پر عمل ہوتا ہے تو تمام اخراجات وہ خود برداشت کرے گی، جبکہ بہترین ڈیزائن پیش کرنے والوں کو پرکشش انعامات بھی دیے جائیں گے۔

کینوا کے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے جنرل منیجر احمد اقبال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ کمپنی اس منصوبے کے حوالے سے پی آئی اے کی اعلیٰ انتظامیہ سے رابطے میں آنے کی کوشش کر رہی ہے۔

احمد اقبال کے مطابق منصوبے کا مقصد پی آئی اے کی مکمل بصری شناخت کو جدید انداز دینا ہے، جس میں ایئرلائن کا لوگو، جہازوں کی بیرونی رنگ سازی، برانڈنگ اور تشہیری مہمات شامل ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے قومی ایئرلائن پر عوامی اعتماد بحال کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں "پاکستانیوں کے ذریعے، پاکستان کے لیے ڈیزائن" کا نعرہ دیتے ہوئے کہا کہ کینوا پاکستانی تخلیق کاروں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا چاہتی ہے، اسی مقصد کے لیے مقابلے کے فاتحین کے لیے بھاری انعامی رقم بھی رکھی جائے گی۔

احمد اقبال نے کہا کہ پی آئی اے ماضی میں عالمی سطح پر ایک باوقار ایئرلائن سمجھی جاتی تھی، اور اب نئی ملکیت کے بعد اس کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر عوام کو بھی اس تبدیلی کا حصہ بنایا جائے تو نہ صرف قومی ایئرلائن کی ساکھ مضبوط ہوگی بلکہ پاکستانی ثقافت، تخلیقی صلاحیتوں اور قومی تشخص کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے گا۔

اپنی پوسٹ کے ساتھ انہوں نے پی آئی اے کے ایسے تصوراتی جہازوں کی تصاویر بھی شیئر کیں جن پر سندھ کی ثقافتی پہچان اجرک سے متاثر خوبصورت ڈیزائن بنائے گئے تھے۔ احمد اقبال نے بتایا کہ یہ ڈیزائن کسی پیشہ ور آرٹسٹ نے نہیں بلکہ ایک عام صارف نے کینوا کے ڈیزائن ٹولز استعمال کرتے ہوئے تیار کیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک فرد ایسا کر سکتا ہے تو پورا پاکستان مل کر کیا کچھ نہیں کر سکتا؟

کینوا کی اس تجویز کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بہت سے صارفین نے اس خیال کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوان ڈیزائنرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور پاکستان کی ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا نادر موقع ملے گا۔

دوسری جانب بعض ماہرین اور صارفین نے تکنیکی خدشات بھی ظاہر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہازوں پر زیادہ پینٹ یا گہرے رنگ استعمال کرنے سے وزن میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے ایندھن کی کھپت بڑھنے کا امکان رہتا ہے۔ کچھ ماہرین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ گہرے رنگ دھوپ کی زیادہ حرارت جذب کرتے ہیں، جس سے جہاز کے درجہ حرارت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

کینوا کی یہ تجویز ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پی آئی اے اپنی ساکھ بحال کرنے اور نئی انتظامیہ کے تحت ایک نئی شناخت کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آیا یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے یا نہیں، اور اگر مقابلہ منعقد ہوتا ہے تو پاکستانی ڈیزائنرز قومی ایئرلائن کو کس نئے انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔