ضلع باجوڑ کے تحصیل خار علاقہ شاہ نرے میں وزیر اعظم کے مشیر برائے ضم اضلاع و رکن قومی اسمبلی باجوڑ مبارک زیب خان کے گھر کے قریب دھماکہ ہوا۔ ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق کے مطابق گھر کے قریب کسی نے بم نصب کیا تھا جوکہ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے سے ایم این اے مبارک زیب کے گھر کا گیٹ مکمل طورپر تباہ ہوگیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے وقت ایم این اے گھر پر موجود نہیں تھے۔ ڈی پی او کے مطابق پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے ۔بعد ازاں وزیر اعظم کے مشیر مبارک زیب نے فیس بک پر تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ میرے گھر کے مین گیٹ کو بم سے اڑایا گیا ہے اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بزدلانہ کارروائیوں سے کوئی میری حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ انشاء اللہ اپنے شہید بھائی کے ویژن کو جاری رکھوں گا