منشیات کے آخری پودے کو جڑ سے اکھاڑنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ڈاکٹر صادق علی
باجوڑ(عرفا ن اللہ جان سے)
ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر خار ڈاکٹر صادق علی کی ہدایت پر تحصیلدار انور حسین نے ڈی ایس پی پولیس، ایس ایچ او تھانہ، محکمہ زراعت کے نمائندے، محکمہ جنگلات کے نمائندے اور پولیس کی نفری کے ہمراہ تحصیل سالارزئی اور تحصیل برنگ میں انسداد پوست فصل مہم چلائی۔
تحصیل سلارزئی میں 60 کنال پوست کا خاتمہ کیا گیا جبکہ تحصیل برنگ کے مختلف علاقوں میں جاری انسداد پوست فصل مہم کے دوران 141 کنال اراضی سے پوست فصل کا خاتمہ کیا۔ حساسیت اور علاقے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ سرگرمی ٹیم اے اور بی نے مشترکہ طور پر کی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر صادق علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقامی لوگوں کو پوست کے خاتمے میں رضاکارانہ تعاون بڑھانے کے لیے مطلع کیا گیا ہے، بصورت دیگر مجرموں کے خلاف گرفتاریوں اور منشیات کی ایف آئی آرز سمیت مناسب سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔