پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز کے حوالے سے سامنے آنے والی ایک اہم پیش رفت میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے مبینہ مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سامنے آیا، جہاں کھلاڑی کے نمونے میں ممنوعہ یا نشہ آور مادے کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس حوالے سے باضابطہ طور پرپاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا، جس کے بعد بورڈ نے فوری طور پر تحقیقات کا عمل شروع کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق ابتدائی جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹیسٹ میں ایک تفریحی نوعیت کے نشہ آور مادے کے استعمال کے شواہد ملے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس معاملے پر اپنی پیش رفت اور ابتدائی نتائج سے آئی سی سی کو بھی آگاہ کرے گا۔
یاد رہے کہ محمد نواز اس وقت پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ اس پیش رفت کے بعد ان کے مستقبل اور ممکنہ کارروائی کے حوالے سے سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں۔