ٹیکنالوجی کمپنی میٹا اپنی مقبول پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ کے لیے ایک نئے سبسکرپشن پلان پر کام کر رہی ہے، جسے “واٹس ایپ پلس” کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صارفین کو ماہانہ فیس کے عوض اضافی اور خصوصی سہولیات فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے پلان میں صارفین کو منفرد تھیمز، خصوصی اسٹیکرز، اور کسٹم آئیکنز جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس فیچر کی ابتدائی آزمائش محدود تعداد میں اینڈرائیڈ صارفین کے ساتھ کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سبسکرپشن خودکار تجدید کے نظام پر مبنی ہوگا، جبکہ پاکستان میں اس کی ممکنہ قیمت تقریباً 229 روپے ماہانہ رکھی جا سکتی ہے۔ بعض صارفین کو ایک ماہ کا مفت آزمائشی پیکج بھی دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق “واٹس ایپ پلس” صارفین کو پریمیم اسٹیکر پیکس، اینیمیٹڈ ویژول ایفیکٹس، 18 نئے تھیمز اور 14 منفرد آئیکنز تک رسائی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ چیٹس پن کرنے کی موجودہ حد 3 سے بڑھا کر 20 تک کیے جانے کا امکان ہے۔
کمپنی ذرائع کے مطابق اس نئے پلان کا مقصد بنیادی میسجنگ سہولیات یا پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی لائے بغیر صارفین کے مجموعی تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ سروس صرف واٹس ایپ میسنجر استعمال کرنے والوں کے لیے دستیاب ہوگی۔