حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بلدیاتی مدت ختم ہونے سے پہلے فیصلہ: وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے متفقہ لائحہ عمل کا عندیہ دے دیا Home / /

بلدیاتی مدت ختم ہونے سے پہلے فیصلہ: وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے متفقہ لائحہ عمل کا عندیہ دے دیا

ایڈیٹر - 03/03/2026
بلدیاتی مدت ختم ہونے سے پہلے فیصلہ: وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے متفقہ لائحہ عمل کا عندیہ دے دیا

پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل افریدی  سے بلدیاتی نمائندوں کے وفد کی ملاقات میں 15 مارچ کو بلدیاتی مدت ختم ہونے سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی نظام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ایک متفقہ اور عملی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے اسپیکر اسمبلی کو ہدایت دی کہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ موجودہ مسائل پر مشاورت کی جا سکے۔

وفد کو بتایا گیا کہ کمیٹی کا اجلاس اسی ہفتے طلب کیا جائے گا اور 15 مارچ سے قبل حتمی فیصلہ کیا جائے گا، جس میں نئے بلدیاتی انتخابات تک موجودہ نظام کو برقرار رکھنے کے طریقۂ کار پر غور کیا جائے گا۔وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے آج کی ہڑتال مؤخر کرنے کی آمادگی ظاہر کر دی۔ اجلاس میں لوکل کونسل بورڈ کے نامزد اراکین کے مؤقف کو بھی سنا جائے گا۔ملاقات میں وزیرِ بلدیات مینا خان افریدی اور محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، جبکہ بلدیاتی نمائندوں کی قیادت مئیر مردان حمایت اللہ مایار  نے کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بلدیاتی نظام کی شفافیت اور انتخابات کے تسلسل پر خصوصی زور دیا گیا، اور آئندہ فیصلے کے حوالے سے تمام فریقین متفقہ موقف اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔