اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے معاونِ خصوصی خیبرپختونخوا شفیع اللہ جان کے خلاف جاری نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے انہیں تحریری جواب جمع کرانے کے لیے 26 مارچ تک کی مہلت دے دی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، جس دوران شفیع اللہ جان کی نمائندگی ایڈووکیٹ علی بخاری نے کی۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جن ریمارکس کو شفیع اللہ جان سے منسوب کیا جا رہا ہے وہ دانستہ طور پر نہیں دیے گئے، لہٰذا کمیشن اپنے جاری کردہ نوٹس پر نظرثانی کرے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام دلائل اور معروضات تحریری جواب کی صورت میں جمع کرائے جائیں۔ اس پر وکیل کا کہنا تھا کہ مؤکل سے مشاورت کے بعد جامع جواب داخل کر دیا جائے گا۔ کمیشن نے مزید کہا کہ مطلوبہ ریکارڈ اور دستاویزات دفتر سے حاصل کر کے آئندہ سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں۔
بعد ازاں کمیشن نے کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے شفیع اللہ جان کو جواب جمع کرانے کا موقع فراہم کر دیا۔ یاد رہے کہ شفیع اللہ جان نے حلقہ این اے 18 ہری پور میں مبینہ دھاندلی اور فارم 47 کے اجرا سے متعلق الزامات عائد کیے تھے، جس پر الیکشن کمیشن نے ان سے وضاحت طلب کی ہے۔