ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ملک میں نئے رہبرِ اعلیٰ کے انتخاب کا آئینی مرحلہ درپیش ہے۔ خامنہ ای تقریباً چار دہائیوں تک اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت کرتے رہے، تاہم انہوں نے کسی باضابطہ جانشین کا اعلان نہیں کیا تھا، جس کے باعث اب نظریں آئینی طریقۂ کار پر مرکوز ہیں۔
ایران کے آئین کے مطابق نئے سپریم لیڈر کا انتخاب 88 ارکان پر مشتمل مجلس خبرگان رہبری کرتی ہے، جو منتخب سینئر علما پر مشتمل ادارہ ہے۔ 1979ء کے اسلامی انقلاب کے بعد یہ عمل صرف ایک بار انجام پایا تھا، جب بانی انقلاب آیت اللہ روح اللہ خمینی کے انتقال کے بعد آیت اللہ علی خامنہ ای کو رہبر منتخب کیا گیا تھا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی کشیدگی اور سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ایرانی قیادت ممکنہ طور پر جلد از جلد نئے سپریم لیڈر کے تقرر کا اعلان کر کے نظام میں تسلسل اور استحکام کا پیغام دینا چاہے گی۔ تاہم امریکا اور اسرائیل کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مجلس خبرگان کا اجلاس بلانا بھی ایک چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔
آئینی تقاضوں کے تحت نئے رہبر کا مرد، شیعہ عالم دین، سیاسی بصیرت اور اخلاقی اتھارٹی کا حامل ہونا ضروری ہے، جبکہ اسلامی جمہوریہ سے غیر مشروط وفاداری بھی لازمی شرط ہے۔
ممکنہ امیدواروں میں سب سے زیادہ زیرِ بحث نام مجتبیٰ خامنہ ای کا ہے، جو سابق سپریم لیڈر کے صاحبزادے ہیں اور پسِ پردہ اثر و رسوخ کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ انہیں اسلامی انقلابی گارڈ کور سے قریبی روابط کا حامل سمجھا جاتا ہے، تاہم ایران میں موروثی جانشینی کے تصور کو تنقید کا سامنا رہتا ہے، خصوصاً ایسے نظام میں جو بادشاہت کے خاتمے کے بعد قائم ہوا۔
اسی طرح آیت اللہ علی رضا اعرافی کا نام بھی گردش میں ہے، جو مجلس خبرگان کے نائب چیئرمین رہ چکے ہیں اور دینی مدارس کے سربراہ ہیں۔ انہیں انتظامی صلاحیتوں کا حامل اور قیادت کے قریب سمجھا جاتا ہے، تاہم سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں ان کا اثر محدود تصور کیا جاتا ہے۔
قدامت پسند حلقوں میں محمد مہدی میرباقری کو بھی ممکنہ امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ وہ سخت گیر مؤقف کے حامل عالم دین اور مجلس خبرگان کے رکن ہیں، جبکہ قم میں قائم اسلامی سائنسز اکیڈمی کی سربراہی بھی کر چکے ہیں۔
بانی انقلاب کے خاندان سے تعلق رکھنے والے حسن خمینی بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل کیے جا رہے ہیں۔ انہیں نسبتاً معتدل خیالات کا حامل سمجھا جاتا ہے، تاہم انہوں نے اعلیٰ سرکاری عہدہ نہیں سنبھالا اور ماضی میں انتخابی عمل میں حصہ لینے سے روکے جا چکے ہیں۔
مزید برآں ہاشم حسینی بوشہری بھی جانشینی کے عمل سے وابستہ اہم مذہبی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور مجلس خبرگان کی قیادت میں نمایاں کردار رکھتے ہیں، تاہم عوامی سطح پر ان کا پروفائل نسبتاً کم نمایاں ہے۔
ایران میں نئے سپریم لیڈر کا انتخاب نہ صرف داخلی سیاست بلکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے، اسی لیے عالمی برادری کی نظریں اس اہم فیصلے پر مرکوز ہیں۔