حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جڑواں شہروں میں ہائی الرٹ: ایران۔امریکا مذاکرات کے تناظر میں سخت سکیورٹی، ٹریفک متاثر Home / پاکستان /

جڑواں شہروں میں ہائی الرٹ: ایران۔امریکا مذاکرات کے تناظر میں سخت سکیورٹی، ٹریفک متاثر

ایڈیٹر - 26/04/2026
جڑواں شہروں میں ہائی الرٹ: ایران۔امریکا مذاکرات کے تناظر میں سخت سکیورٹی، ٹریفک متاثر

راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان متوقع مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے پیش نظر سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، جس کے باعث شہری زندگی اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکراتی عمل کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچنے والی امریکی پیشگی ٹیموں کی مرحلہ وار واپسی جاری ہے۔ ایک ٹیم گزشتہ شب روانہ ہو چکی ہے جبکہ دوسری ٹیم اتوار کی صبح روانگی اختیار کرے گی، اس کے علاوہ دیگر ٹیموں کی واپسی بھی بتدریج جاری رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس دوران فیض آباد بس ٹرمینل کو مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے، جبکہ مختلف شاہراہوں پر عارضی رکاوٹیں اور راستوں کی بندش بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ٹیموں کی روانگی کے بعد ایکسپریس ہائی وے پر ٹریفک معمول پر آ جائے گی۔

دوسری جانب عباس عراقچی کے مسقط سمیت دیگر ممالک کے دوروں کے بعد دوبارہ اسلام آباد پہنچنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے سفارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ سکتی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ٹریفک کی تبدیلیوں کے باعث تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے، لہٰذا سفر کے لیے اضافی وقت رکھا جائے اور ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے، جو رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔