پشاور ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں عملی طور پر حکومت کا کوئی وجود نظر نہیں آرہا، صوبہ انتظامی مفلوجی، بدامنی اور بدترین حکومتی نااہلی کی تصویر بن چکا ہے
تیراہ کے متاثرین کے ساتھ انسانیت کے منافی سلوک ہو رہا ہے پشترہ چوک میں اے این پی ضلع خیبر کے زیر اہتمام تیراہ متاثرین کے ساتھ سلوک کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ تیراہ کے عوام کو جبری طور پر اپنے گھروں، زمینوں اور روزگار سے محروم کیا گیا،
مگر بد قسمتی سے آج وہ در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور اور زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں یہ کیسی حکومت ہے جو اپنے ہی شہریوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیتی ہے؟ وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع میں عوام کے ساتھ اس طرح کے سلوک سے باقی صوبے کی صورتحال کا اندازہ بخوبی ہو سکتا ہے
صوبائی صدر نے کہا کہ رجسٹریشن پوائنٹس متاثرین کی بحالی کے بجائے ان کی تذلیل کا ذریعہ بن چکے ہیں صوبائی حکومت متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک چھڑک رہی ہے متاثرین کیلئے مختص چار ارب روپے کے فنڈ زبد عنوانی کی نذر ہو چکے ہیں، جبکہ متاثرین آج تک خوار ہو رہے ہیں۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ تیراہ متاثرین کے مسائل کا حل حکومت کی آئینی ، قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، مگر بدقسمتی سے موجودہ صوبائی حکومت اس ذمہ داری سے مسلسل فرار اختیار کر رہی ہے۔
جو سیاسی کارکنان، سماجی رہنما اور عوامی نمائندے ان متاثرین کے حق میں آواز اٹھاتے ہیں، ان پر حملے کیے جاتے ہیں، انہیں ہراساں کیا جاتا ہے اور ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جاتی ہے، جو فسطائی طرز حکمرانی کی واضح علامت ہے۔
انہوں نے صوبے میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیرستان سے لے کر چترال ، باجوڑ ، بنوں اور شانگلہ تک دہشتگردی کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں۔
بنوں میں پولیس اسٹیشن کے باہر دھماکہ، ایک معصوم بچے سمیت دو شہریوں کی شہادت اور شانگلہ میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلے میں تین پولیس اہلکاروں کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسیوں نے خیبر پختونخوا کو ایک دفعہ پھر آگ کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، پولیس اور سیکیورٹی ادارے فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہے ہیں،
مگر حکومت محض تماشائی بنی ہوئی ہے احتجاجی مظاہرے میں صوبائی سالا رشا کر اللہ شنواری،صدر اے این پی خیبر عبدالرزاق آفریدی، صدر اے این پی ضلع پشاور ارباب محمد طاہر، صدر اے این پی میٹرو پولیٹن ارباب راشد نشین سمیت دیگر ذمہ داران اور کثیر تعداد میں کارکنان نے شرکت کی مظاہرین نے پشترہ چوک سے ڈی سی خیبر کے دفتر تک پیدل مارچ بھی کیا۔