باجوڑ: خیبرپختونخوا حکومت کے عوامی ایجنڈا کے تحت اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ جناب شاہد علی خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (ہیڈکوارٹر) خار ڈاکٹر صادق علی نے محکمہ لائیوسٹاک کے اہلکاروں کے ہمراہ خار بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔
انسپکشن کے دوران قصائیوں کو زائد نرخ وصولی، نرخ نامہ کی موجودگی، صفائی اور گوشت کے معیار کے حوالے سے چیک کیا گیا۔ زائد قیمت وصول کرنے اور محکمہ لائیوسٹاک کی جانچ میں ناقص گوشت ثابت ہونے پر دو قصائیوں کی دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ تین قصائیوں کو جرمانے سمیت 14 روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
اسی طرح کباب دکانوں کا معائنہ زائد نرخ وصولی اور معیار کے حوالے سے کیا گیا۔ خلاف ورزی پر دو کباب شاپس سیل کر دی گئیں اور ذمہ داران کو جیل بھیج دیا گیا۔
مٹھائی اور بیکرز کی دکانوں میں معیار، قیمتوں اور اوزان کی جانچ کی گئی۔ مزید برآں گوداموں کی چیکنگ کے دوران ایک گودام سیل کر دیا گیا جبکہ منیجر کو گرفتار کر کے 14 روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
پھل اور سبزی فروشوں کو نرخ نامہ اور معیار کے حوالے سے چیک کیا گیا جو تسلی بخش پائے گئے۔
کریانہ اور جوس دکانوں میں نرخ نامہ، معیار، صفائی اور ایکسپائری اشیاء کی جانچ کی گئی۔
اسی طرح پرائس مانیٹرنگ اور شکایتی ڈیسک کا بھی دورہ کیا گیا، موصولہ شکایات کا جائزہ لے کر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔