بی آر ٹی ملازمین کی فریاد آخر کار سن لی گئی! سوشل میڈیا پر خبر چلتے ہی تنخواہوں کی ادائیگی شروع
پشاور (فیاض علی نور) بی آر ٹی زو پشاور اور اس کے تحت کام کرنے والی کمپنیوں کی سنگین بدانتظامی بے نقاب ہونے کے بعد بالآخر انتظامیہ حرکت میں آ گئی!
سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد بی آر ٹی انتظامیہ نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے سیکیورٹی کمپنی کے ملازمین کو آج دوپہر 2 بجے ماہِ مارچ کی تنخواہیں جاری کر دیں، جبکہ صفائی اور اسٹیشن کے اندر کام کرنے والے دیگر ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کل صبح 11 بجے تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کے باوجود بی آر ٹی کے تحت کام کرنے والی کمپنیوں کے ملازمین تنخواہوں سے محروم تھے، جس کی وجہ سے وہ شدید مالی مشکلات اور فاقہ کشی کا شکار ہو رہے تھے۔ خبر منظر عام پر آتے ہی عوامی ردعمل نے زور پکڑا، جس کے بعد انتظامیہ کو مجبوراً تنخواہوں کی ادائیگی کرنا پڑی۔یہ پہلی بار نہیں کہ بی آر ٹی انتظامیہ کی نااہلی کو بے نقاب کیا گیا ہو۔
ماضی میں بھی جب بھی بی آر ٹی ملازمین کے مسائل پر آواز اٹھائی گئی، تب ہی معاملات حل کرنے کی کوشش کی گئی۔ صحافی کی خبر کے بغیر نہ تو تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہوتی اور نہ ہی مزدوروں کی مشکلات کا ازالہ کیا جاتا۔ مزدوروں اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب تک بی آر ٹی زو اور اس کے ماتحت کام کرنے والی کمپنیوں کی نگرانی سخت نہیں کی جاتی، اس قسم کی بدانتظامی اور مزدوروں کا استحصال جاری رہے گا۔
انہوں نے محکمہ لیبر اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی اپنا کردار ادا کریں اور یقینی بنائیں کہ آئندہ کسی ملازم کو تنخواہ کے حصول کے لیے سوشل میڈیا پر فریاد نہ کرنی پڑے۔ کیا بی آر ٹی انتظامیہ صرف میڈیا دباؤ پر ہی کام کرے گی؟ یا مستقل حل بھی نکالا جائے گا؟