حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا میں 43 خدمات کے لئے مالی ادائیگیوں کا نظام ڈیجیٹل پے منٹ پر منتقل Home / پاکستان /

خیبر پختونخوا میں 43 خدمات کے لئے مالی ادائیگیوں کا نظام ڈیجیٹل پے منٹ پر منتقل

ایڈیٹر - 08/01/2026
خیبر پختونخوا میں 43 خدمات کے لئے مالی ادائیگیوں کا نظام ڈیجیٹل پے منٹ پر منتقل

 خیبر پختونخوا میں عوامی خدمات سے جڑی مالی ادائیگیاں کیش لیس سسٹم پر منتقلی کی طرف گامزن 43 خدمات کے لئے مالی ادائیگیوں کا نظام ڈیجیٹل پے منٹ پر منتقل

صوبے میں عوامی خدمات سے جڑے مختلف مالی امور کو شفاف اور ادائیگیوں کو سہل بنانے کے لئے کیش لیس پالیسی پر اہم پیشرفت کے تحت 43 خدمات کو ڈیجیٹل پے منٹ سسٹم پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ان سروسز میں میوٹیشن، فرد، موٹر وہیکل رجسٹریشن، موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس، یونیورسٹی داخلہ فیس اور مختلف تعلیمی بورڈ کی فیسوں کی ادائیگیاں شامل ہیں۔ کیش لیس سروس ڈیلوری کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف محکموں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرادیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ مرحلہ وار 170 سروسز کو کیش لیس بنا رہا ہے۔ ابتک 43 سروسز کو کیش لیس بنایا گیا ہے۔جبکہ جنوری کے آخر تک تک مزید 23 خدمات کو بھی کیش لیس سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اکتوبر 2025 سے 280,650 ملازمین اور 130,132 پنشنرز کی تنخواہیں ڈیجیٹل سسٹم پر ادا کی جا رہی ہیں۔ حکومت خیبرپختونخوا کے خود مختار اداروں /اتھارٹییز کو بھی کیش لیس بنانے پر کام جاری ہے جو دسمبر 2026 تک مکمل ہوجائے گا۔چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ کیش لیس سروس ڈیلوری سے گڈ گورننس، اقتصادی ترقی اور مالی شفافیت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے حکام کو ٹائم لائن کے مطابق پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں متعلقہ انتظامی سیکریٹریز اور آئی ٹی بورڈ کے حکام شریک ہوئے۔