اسلام آباد ۔ وزیراعظم شہباز شریف کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے 3 سال کا روڈ میپ پیش کر دیا گیا۔
شہباز شریف نے کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضے دینے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے سمیڈا کے بزنس پلان پر اجلاس کی صدارت کی ۔
اجلاس میں 3 سال کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم نے قابل عمل اور موثر پلان بنانے پر ہارون اختر اور سمیڈا بورڈ کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں ۔ اس میں ملکی برآمدات میں اضافے کی بھر پور استعداد ہے۔
وزیر اعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کا کاروبار کرنے والوں کو آسان شرائط پر قرضے دینے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ایس ایم ایز کی استعداد بڑھانے لیے 6 شہروں میں متعد دور کشاپس منعقد کی گئیں ۔
خواتین کو ایس ایم ای سیکٹر میں شرکت اور بھر پور کردار کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ادھر وز یر اعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو حالیہ دورہ بنگلہ دیش پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں پارلیمانی امور، پی ٹی آئی سے مذاکرات اور اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
سپیکر ایاز صادق نے دورہ بنگلہ دیش کو سفارتی لحاظ سے انتہائی کارآمد اور مفید قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم کو بھارتی وزیر خارجہ ہے شنکر سے مختصر ملاقات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مستحکم کریں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئر پرسن بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے عوامی جمہور یہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔
وزیر اعظم نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے تعزیت کا اظہار کیا، تعزیتی کتاب میں پیغام درج کیا اور مرحومہ کی روح کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیا کو ازبر دست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک صاحب بصیرت رہنما اور ایک نامور سیاسی شخصیت قرار دیا۔