حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا کے محکمہ C&W میں میرٹ کی سنگین خلاف ورزی Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا کے محکمہ C&W میں میرٹ کی سنگین خلاف ورزی

ایڈیٹر - 03/01/2026
خیبرپختونخوا کے محکمہ C&W میں میرٹ کی سنگین خلاف ورزی

خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دعوؤں کے برعکس محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) میں میرٹ کی کھلی خلاف ورزی کا ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں 11 سکیل کے ڈپلومہ ہولڈر اہلکار مقرب خان کو 17 سکیل کے ایگزیکٹو انجینئر (ایکسین) کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے انہیں عارضی چارج دیا گیا، تاہم اب وہ عملی طور پر اس اعلیٰ عہدے پر براجمان ہیں، جس نے محکمانہ شفافیت اور قانونی تقاضوں پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں ضلع ٹانک میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے محکمے میں ایک چوکیدار کو سب انجینئر بنانے کے معاملے پر شدید ردعمل کے بعد کارروائی کی گئی تھی۔ اسی نوعیت کے ایک اور واقعے کے انکشاف نے نہ صرف بیوروکریسی بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنوں نے اس معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے کمپلینٹ سیل میں باقاعدہ شکایت درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس تقرری سے پارٹی کے میرٹ اور احتساب کے بیانیے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ شکایت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقرب خان کو فوری طور پر 17 سکیل کے ایکسین کے عہدے سے ہٹا کر قواعد و ضوابط اور مطلوبہ تعلیمی و پیشہ ورانہ اہلیت کے حامل افسر کو تعینات کیا جائے۔

سیاسی اور عوامی حلقوں میں اس واقعے پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے اور محکموں میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائے۔