ریسکیو ملاکنڈ نے ایک سال کے دوران 4358 مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کیا۔ ضلع میں ایک سال کے دوران 629روڈ ٹریفک حادثات رونما ہوئے۔ ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے کنٹرول روم انچارج محمد فیاض نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔
سالانہ رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 ملاکنڈ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ناصر خان کی نگرانی میں سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 4725 ایمرجنسیز میں رسپانس دیتے ہوئے 4358 مریضوں کو بروقت امداد فراہم کی۔ ان ایمرجنسیز میں 3523 میڈیکل کیسز، 629 روڈ ٹریفک حادثات، 225 فائر ایمرجنسیز، 85 گولی لگنے/تشدد کے کیسز، 64 ڈوبنے کے واقعات، 04 عمارت گرنے کے واقعات، 03 دھماکے (کوکر بلاسٹ/سلنڈر بلاسٹ)، 192 ریکوری ایمرجنسیز اور 85 اموات شامل تھیں۔ ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے کنٹرول روم کو سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 178,439 کالز موصول ہوئیں، جن میں 37,192 انفارمیشن/ڈراپ کالز جبکہ 136,522 فیک یا غیر متعلقہ کالز شامل تھیں۔ شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ ایمرجنسی نمبر 1122 کا استعمال صرف حقیقی ہنگامی صورتحال میں کیا جائے تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ ریفرل ایمبولینس سروس کے تحت سال 2025 میں مجموعی طور پر 2435 ریفرل ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں، جن کے نتیجے میں 2442 مریضوں کو محفوظ اور بروقت مختلف طبی مراکز تک منتقل کیا گیا۔ ان میں سے 1539 مریضوں کو ضلع سے باہر جبکہ 896 مریضوں کو ضلع کے اندر مختلف اسپتالوں تک منتقل کیا گیا۔ ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی ٹریننگ ونگ ٹیم نے سال 2025 کے دوران مختلف اسکولوں اور کالجز میں فرسٹ ایڈ، فائر سیفٹی اور ایمرجنسی ریسپانس سے متعلق تربیتی سرگرمیاں منعقد کیں، جن کا مقصد طلبہ اور اسٹاف میں ہنگامی صورتحال کے دوران فوری ردعمل اور جان بچانے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا تھا۔