راولپنڈی ۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نے کہا ہے کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم خود کو تیار کر لے اب وقت آ گیا ہے آزادی یا موت ، علیمہ خان نے دعوی کیا کہ ہمیں کہا گیا عمران خان سے ملاقات نہیں ہو سکتی علیمہ خان، عظمی خان اور نورین خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کبھی پریس کانفرنس نہیں کرتے تھے لیکن آج کرنا پڑ رہی ہے، ہم نے بڑے صبر سے کام لیا لیکن اب بات کرنا پڑے گی بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں ڈال دیا گیا ہم سڑک پر اپنا حق مانگ رہے تھے کیوں کہ ہمیں عدالت سے اجازت ملی ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ کبھی بھی ہمارے احتجاج سے کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود ہمیں ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جاتی ، پچھلے ہفتے بھی میری بہن جو ڈاکٹر ہیں انہیں کئی گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا، ہمارے ساتھ پولیس والے جو وہاں ڈیوٹی پر مامور ہوتے بد تمیزی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین ہفتے قبل جب ہم بارش میں سڑک پر بیٹھ گئیں تو عظمی خان کو 5 منٹ کیلئے عمران خان سے ملوا دیا علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں عدالتی احکامات کے مطابق بانی تحریک انصاف سے ملنے دیا جائے مگر عورتوں کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا گیا ہے، چادر میں کھینچتے رہے، تمام خواتین اور مردوں کو ایک ہی قیدی وین میں بند کیا گیا، یہ ملک ہمارا بھی ہے تو ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیوں؟ انہوں نے کہا کہ کیا ایسا کر کے آپ ہم لوگوں کو ڈرائیں گے؟
4 اگست کو عمران خان کو کہا گیا آپ بیرون ملک چلے جائیں، 4 اگست کولوگ ان کے گھر آئے تھے، بانی پی ٹی آئی نے کہا میں ملک چھوڑ کر نہیں جاؤں گا، 500 دن تک بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل چلا انہوں نے کوئی ڈیمانڈ نہیں کی ، ایک شخص اپنے ملک کے لوگوں کیلئے قربانی دے رہا ہے آپ اسے سیاست کہتے ہیں لیکن وہ شخص قربانی دے رہا ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں اس ملک میں کسی بھی قسم کی غلامی قبول نہیں ، ہم اپنے بھائی کو کسی بھی صورت تنہا نہیں رہنے دیں گے۔