حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
نشے سے پاک پشاور مہم کا پانچواں مرحلہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ Home / پاکستان /

نشے سے پاک پشاور مہم کا پانچواں مرحلہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ

ایڈیٹر - 04/11/2025
 نشے سے پاک پشاور مہم کا پانچواں مرحلہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ

صوبائی دارالحکومت پشاور کو نشے کے عادی افراد سے مکمل پاک کرنے کے لیے نشے سے پاک پشاور مہم کا پانچواں مرحلہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورمحکمہ خزانہ کو نشے سے پاک پشاور مہم کی مختص بقیہ رقم محکمہ سماجی بہبود کو فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، شہر کو نشے کے عادی افراد سے مکمل پاک کرنے کے لیے محکمہ سماجی بہبود کو میکنزم تیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ 

اسی طرح پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت اہم سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش اور دیواروں کو خوبصورت بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، شہر کے بڑے فلائی اوورز پر بھی نقش و نگار کرکے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے گا، یونیورسٹی روڈ کے دونوں اطراف بجلی کے تاروں کو پشاور کینٹ کی طرز پر زیر زمین بچھایا جائے گا۔ 

 

 

اس حوالے سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سید شہاب علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں چیف اکانومسٹ، سیکرٹری سوشل ویلفئیر، سیکرٹری خزانہ اور کمشنر پشاور ڈویژن سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 اجلاس میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو نشے سے پاک پشاور مہم کے چاروں ادوار میں 4700 نشے کے عادی افراد کے کامیاب علاج اور پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت مکمل ہونے والے اور جاری منصوبوں، حیات آباد جاگنگ اور سائیکل ٹریک کی تعمیر، تاریخی ایگریکلچر انسٹی ٹیوٹ کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی، محکمہ مال کے محافظ خانہ کی تزئین و آرائش، تاریخی قصہ خوانی بازار کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی، پشاور زو روڈ کی مرمت اور تزئین و آرائش، یونیورسٹی روڈ، ڈی ٹور روڈ، رنگ روڈ کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے شجر کاری اور اہم مقامات،چوراہوں کی خوبصورتی، فیچر وال اور موونمٹ کی تعمیر، جامعہ پشاور کی تزئین و آرائش روڈوں کی تعمیر و مرمت، جدید فرش بندی، پارکنگ سٹینڈ زکی تعمیر، گورنمنٹ حسنین شریف ہائیر سیکنڈری سکول نمبر ون پشاور سٹی کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی جس کے تناظر میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹر ی خیبر پختونخوا نے صوبائی دارالحکومت پشاور کو نشے کے عادی افراد سے مکمل پاک کرنے کے لیے محکمہ سماجی بہبود کو باقاعدہ میکنزم تیار کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایات کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کو نشے سے پاک پشاور مہم کے پانچویں مرحلے کے لیے فنڈز کی فراہمی کے احکامات جاری کیے۔

 انہوں نے پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت جاری منصوبوں کے تحت شہر کی اہم تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کے بھی احکامات جاری کیے۔ اس سلسلے میں انہوں نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو حیات آباد تاتارا پارک کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے پشاور اپ لفٹ پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سے رجوع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اہم مقامات پر فلائی اوورز پر بھی نقش و نگار کرکے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کی تاکید کی۔