حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر ADC کونسل چیئرمین شوکت اللہ خان کا لنڈی کوتل کا اولین دورہ ، مشران سے ملاقاتیں Home / قبائلی اضلاع /

خیبر ADC کونسل چیئرمین شوکت اللہ خان کا لنڈی کوتل کا اولین دورہ ، مشران سے ملاقاتیں

(ابوزر افریدی)

ایڈیٹر - 05/11/2026
خیبر ADC کونسل چیئرمین شوکت اللہ خان کا لنڈی کوتل کا اولین دورہ ، مشران سے ملاقاتیں

لنڈی کوتل: خیبر پختونخوا کے نامزد 12 اضلاع پر مشتمل ایریا ڈویلپمنٹ کونسل  چیئرمین سابقہ گورنر انجنیئر شوکت اللہ خان کا لنڈی کوتل خیبر کا اولین دورہ،مشران سے ملاقات کیلئے منعقدہ تقریب کی صدارت کونسل کے چیئرمین شوکت اللہ خان نے کی۔ تقریب میں 100 سے زائد ارکان نے شرکت کی اور علاقے میں امن کے قیام، ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شوکت اللہ خان نے کہا کہ ADC کونسل کے قیام کا بنیادی مقصد نامزد 12 اضلاع میں امن و امان کا قیام اور ترقیاتی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی شامل ہے اور یہ وفاقی کابینہ کے ماتحت کام کرے گی۔

انہوں نے پاک فوج کو اپنا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج کے حامی تمام افراد ان کے لیے قابل احترام ہیں۔ معدنی وسائل پر قبضے سے متعلق الزامات کو انہوں نے بے جا پروپیگنڈہ قرار دیا۔

شوکت اللہ خان نے کہا کہ وزیراعظم نے نامزد 12 اضلاع کی ترقی کے لیے 160 ارب روپے مختص کیے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، بے قاعدگیوں کا احتساب اور کرپشن کا خاتمہ کونسل کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس سے ملک خان مرجان، ڈپٹی کمشنر خیبر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر نے بھی خطاب کیا۔ ملک خان مرجان نے کہا کہ علاقے میں تنازعات کے حل کے لیے جرگوں اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے گا، جبکہ قیام امن کے لیے ریاستی پالیسی کو فروغ دیا جائے گا۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے اور نمائندے باہمی تعاون کے ذریعے نامزد اضلاع میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔