حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین فیصلہ، علی امین گنڈاپور کو وفاق سے مذاکرات کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ Home / سیاست /

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین فیصلہ، علی امین گنڈاپور کو وفاق سے مذاکرات کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔

ایڈیٹر - 22/10/2026
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین فیصلہ، علی امین گنڈاپور کو وفاق سے مذاکرات کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔

اسلام آباد/پشاور: خیبر پختونخوا میں حالیہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والے شدید سیاسی بحران کے حل کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا ایک انتہائی اہم آن لائن اجلاس 20 اکتوبر کی رات 10 بجے شروع ہوا جو 21 اکتوبر تک جاری رہا۔ اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے 67 اراکین سمیت سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور ان کی سابق کابینہ کے کلیدی ارکان اکبر ایوب، نذیر عباسی، ظاہر شاہ تورو، خلیق الرحمن، ریاض خان اور عارف احمد زئی نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے آغاز پر متعدد اراکینِ پارلیمنٹ نے قیادت سے سخت شکوہ کیا کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد انہیں کسی واضح حکمت عملی سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ تاہم، طویل مشاورت کے بعد تمام شرکاء نے ماضی کے معاملات کو پیچھے چھوڑ کر آئندہ کی مربوط حکمت عملی پر توجہ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس بات کی تصدیق کی کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کے رابطے اب بھی برقرار ہیں۔

اس اہم پیش رفت کے بعد پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ گورنر راج کے نفاذ کو طول پکڑنے سے روکنے اور سہیل آفریدی کی حکومت کو دوبارہ بحال کرانے کے لیے وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے فوری مذاکرات ناگزیر ہیں۔ پارٹی نے علی امین گنڈاپور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں وفاق اور بالخصوص وزیر داخلہ محسن نقوی سے باضابطہ مذاکرات کا ٹاسک سونپ دیا ہے تاکہ صوبے میں آئینی و سیاسی استحکام کا راستہ صاف کیا جا سکے۔