پشاور/اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی خصوصی دعوت پر آج بروز جمعرات پشاور کا انتہائی اہم دورہ کر رہے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینا اور پسماندہ اضلاع کی ترقی کے لیے ایک جامع روڈ میپ پبلک کرنا ہے۔ وزیراعظم اس موقع پر صوبے کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے اپنے خصوصی ترقیاتی وژن کا باضابطہ اعلان بھی کریں گے۔
پشاور آمد پر وزیراعظم شہباز شریف امن و امان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس اہم ترین اجلاس میں وزیراعظم کو دہشت گرد عناصر اور فتنہ الخوارج کی سرکوبی کے لیے اب تک اٹھائے گئے اقدامات اور صوبے کی مجموعی سیکیورٹی ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، 8 ضم شدہ اضلاع اور 4 جنوبی اضلاع میں پائیدار امن اور ترقی کے مقصد کے لیے قائم کردہ "ایریا ریپرینٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل" کے طریقہ کار اور اب تک کی کارکردگی کے حوالے سے بھی خصوصی سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جس کے اراکین کی وزیراعظم سے ملاقات بھی شیڈول کا حصہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعظم کو صوبے کو درپیش سنگین عوامی مسائل سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ ان مسائل میں گندم اور آٹے کی حالیہ کمی، گیس اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ، انفراسٹرکچر کی ابتر صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز شامل ہیں۔ معاشی اور سیاسی حلقے وزیراعظم کے اس دورے کو صوبے میں جاری بحرانوں کے حل اور وفاق و صوبے کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کے لیے انتہائی کلیدی قرار دے رہے ہیں۔