حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑمیں یوم یکجہتی کشمیر ڈے کے موقع پر ریلی کا انعقاد Home / سیاست /

باجوڑمیں یوم یکجہتی کشمیر ڈے کے موقع پر ریلی کا انعقاد

باجوڑمیں یوم یکجہتی کشمیر ڈے کے موقع پر ریلی کا انعقاد

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی سربراہی میں  ڈی سی آفس کمپاؤنڈ سے مین چوک سول کالونی خار تک  کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں انتظامی افسران، پولیس افسران، مختلف محکموں کے سربراہان، ضلعی عمائدین، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور مختلف اسکولوں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور "پاکستان زندہ باد" اور "کشمیر بنے گا پاکستان" کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے پورا علاقہ حب الوطنی کے جذبات سے گونج اٹھا۔ واک کے اختتام پر سول کالونی جرگہ ہال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ تقریب  سے ڈی سی باجوڑ اور علاقائی مشران نے خطاب کیا، جبکہ مختلف اسکولوں کے طلبہ نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کر کے حاضرین کے جذبات کو گرمایا۔ مقررین نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم ہر محاذ پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی. تقریب کے بعد سول کالونی جرگہ ہال سے باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس تک گاڑیوں کی ریلی نکالی گئی۔ قومی اور کشمیری پرچموں سے مَزین گاڑیاں منظم اور منفرد انداز میں اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپس سول کالونی میں داخل ہو نے پر ریلی کا اختتام ہوا۔