امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ایک بڑے آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ “پروجیکٹ فریڈم” کے نام سے یہ مشن پیر کی صبح شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد ایسے ممالک کے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنا ہے جو مشرقِ وسطیٰ کے جاری تنازع کا حصہ نہیں ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق متعدد ممالک نے اپنے پھنسے ہوئے بحری جہازوں اور عملے کو نکالنے کے لیے امریکا سے مدد طلب کی ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر امریکی حکام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ ممالک کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائیں۔
یہ اقدام خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی تجارت کے لیے ایک اہم بحری راستے کو فعال اور محفوظ بنانا ہے۔