پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ نے آئندہ رمضان المبارک کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں کم آمدنی والے لاکھوں خاندانوں کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جو وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے اپنے قائد کے وژن اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں رواں سال کا رمضان ریلیف پیکیج منظور کیا ہے۔ ان کے مطابق اس پروگرام سے صوبے کے 10 لاکھ 63 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مستحق خاندان کو اوسطاً 12 ہزار 500 روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ ماہِ رمضان میں اشیائے ضروریہ کی خریداری میں سہولت حاصل کر سکیں۔ مشیر خزانہ کے مطابق گزشتہ برس صوبائی حکومت نے پہلی بار فی خاندان 10 ہزار روپے کا رمضان پیکیج متعارف کرایا تھا، جس کے بعد دیگر صوبوں نے بھی اسی طرز کے اقدامات کیے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافے کے پیش نظر اس سال امدادی رقم میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ مؤثر ریلیف دیا جا سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی فلاح کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور مشکل معاشی حالات میں شہریوں کو سہارا فراہم کرنا اپنا فرض سمجھتی ہے۔
حکام کے مطابق پیکیج کی تفصیلات اور تقسیم کا طریقہ کار جلد جاری کیا جائے گا، جبکہ مستحقین کی نشاندہی پہلے سے موجود ڈیٹا کی بنیاد پر کی جائے گی۔