مری: شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، گاڑی کھائی میں گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق
مری (نمائندہ حسبان میڈیا): سیاحتی مقام مری کے قریب ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق اور 7 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ ہولناک واقعہ مری کے مضافاتی علاقے بڑوھا لنک روڈ پر اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری ایک تیز رفتار گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ کھائی میں گرتے ہی گاڑی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔
ذرائع ابلاغ کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق گاڑی میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد سوار تھے، جو قریبی گاؤں میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گھر واپس لوٹ رہے تھے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ 3 معصوم بچوں اور 2 خواتین سمیت 7 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو گاڑی سے نکالا گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے 7 افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کی شناخت 40 سالہ ارشد، 35 سالہ نگہت، 17 سالہ لائبہ، 10 سالہ طیب محمود، 7 سالہ رائمہ نور، 4 سالہ کاشان اور ڈیڑھ سالہ آئمہ نور کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ پہاڑی راستے پر تیز رفتاری اور بریک فیل ہونا بتائی جا رہی ہے۔