وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر برائے خیبر پختو نخوا اختیار ولی خان نے عندیہ دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی ملاقات جلد ہو جائے گی ، شاید ایک یا دو ہفتے میں یہ ملاقات ہو جائے۔
ایک انٹرویو میں اختیار ولی خان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور محمود اچکزئی کی ملاقات سے پہلے عمران خان کی ملاقات ہو جائے گی۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ معاملات درست ہو رہے تھے لیکن پی ٹی آئی کی نچلی قیادت نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کریں گے، ہم نے کہا تھا اسٹریٹ موومنٹ کا شوق پورا کر لو پھر روتے ہوئے آئیں گے، ہم نے کہا تھا کہ جب دوبارہ روتے ہوئے آگے تو مذاکرات کریں گے، پی ٹی آئی سے مذاکرات میں قانون سے بالا کوئی بات نہیں ہوگی۔
پی ٹی آئی کی 8 فروری کی ہڑتال کے بارے میں اختیار ولی خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں کوئی سرگرمی نظر نہیں آئی جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کوئی پہیہ جام یا شٹر ڈاؤن نہیں ہوا، خیبر پختو نخوا کے مختلف ڈویژن میں کاروبار کھلا تھا شٹر ڈاؤن نہیں ہوا۔